بھوبنیشور۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن منانے کے نازیبا طریقے کی تحقیقات کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دو کھلاڑیوں امجد علی اور محمد توثیق کو معطل کردیا ۔ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی نازیبا حرکت کا ہاکی انڈیا نے سخت نوٹ لیتے ہوئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے نرم رویہ اختیار کرنے کے خلاف یہ انتباہ دیا تھا کہ ہاکی کی عالمی تنظیم کی جانب سے اسے آئندہ چند برسوں کے دوران دی جانے والی مقابلوں کی میزبانی سے دستبردار ہوجائے گا ، جس پر ایف آئی ایچ نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو معطل کردیا ۔ایف آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیسرے پاکستانی کھلاڑی شفقت رسول کو سرکاری انتباہ دیتے ہوئے ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کی گئی۔ دریں اثناء تینوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی قبول کرلی ہے ۔ امجد علی اور توثیق نے کامیابی کے بعد شائقین کی سمت ہاتھ اُٹھاتے ہوئے اپنی انگلی دکھائی تھی ۔