میلبورن ۔28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے دورے میں ٹیم کے پاس ڈیوڈ وارنر کی کارکردگی کا جواب نہیں تھا لیکن فیلڈنگ میں ڈرامائی انداز میں ترقی کی ضرورت ہے۔آسٹریلیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری میچ کے بعد کہا کہ یقین کریں یا نہ کریں لیکن ہم فیلڈنگ پر بہت زیادہ کام کرچکے ہیں۔میں اور میرا اسٹاف قریب سات ماہ سے فٹنس کی سطح پر توجہ مرکوز کیا ہوا ہے اور ہماری روزانہ کی رپورٹس کے مطابق فٹنس میں ڈرامائی انداز میں بہتری ہوئی ہے لیکن ہم دیگر ٹیموں سے بہت پیچھے ہیں۔ویسٹ انڈیز جانے سے قبل ایک مرتبہ پھر فٹنس اور فیلڈنگ ہمارا ہدف ہوگا۔ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاریوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمیں کیمپ کے لئے پی ایس ایل کے بعد وقت ملے گا اور ہم اس حوالے سے سخت کام کریں گے کیونکہ ہم اس میدان میں ہدف حاصل نہیں کرپائے ہیں۔پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں ٹسٹ اور ونڈے سیریز میں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں فیلڈنگ کا معیار انتہائی ناقص رہا تھا۔آرتھر نے ٹیم کی کارکردگی پر کہا کہ بولنگ اور بیٹنگ میں ہم بالکل ٹھیک تھے اور نتائج کے اعتبار سے یہ دورہ ہمارے لئے مایوس کن رہا کیونکہ جب ہم یہاں آئے تھے تو ٹسٹ سیریز میں کامیابی کا موقع تھا۔انھوں نے کہا کہ ہم اب بھی ونڈے کرکٹ میں ناتجربہ کار ٹیم ہیں اور میرے خیال میں آپ نمبر ایک ٹیم آسٹریلیا اور نمبر آٹھ ٹیم کے درمیان فرق کو دیکھ سکتے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف ناکامی پر کہا کہ ٹیم کے لئے ڈیوڈ وارنر بھی درد سر بنے تھے ۔