پاکستانی ٹیم وطن واپسی کی تیاری کرے: وسیم اکرم

کرائسٹ چرچ۔23 فروری(سیاست ڈاٹ کام)ماضی کے عظیم کھلاڑی وسیم اکرم نے پاکستانی کھلاڑیوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ زمبابوے کے خلاف ورلڈ کپ کا اگلا میچ جیتیں یا وطن روانگی کے لئے تیاری کریں۔ پاکستانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتوار کو زمبابوے کے خلاف پاکستان کو تیسرا میچ ہر صورت میں جیتنا ہوگا۔ اگر موسم بھی پاکستان کی راہ میں رکاوٹ بنا تو پھر ٹیم کی واپسی یقینی ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ مصباح الحق دفاعی حکمت عملی ترک کریں گے اور پاکستان اگلا میچ جیت کر جلد وطن واپسی کیمنصوبے کو ناکام بنائے گے۔ وسیم اکرم نے مصباح الحق، وقار یونس اور ٹیم انتظامیہ کو پانچ بولر نہ کھلانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میں کئی ماہ سے کہہ رہا ہوں لیکن ٹیم انتظامیہ اپنے کمزور منصوبے کو تبدیل نہیں کررہی ہے۔ ہم اضافی بیٹسمین کھلا کر بھی ہدف کا تعاقب نہیں کررہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز سے پاکستان ٹیم کوسبق سیکھنا چاہیے۔ ویسٹ انڈیز آئر لینڈ سے پہلا میچ ہارنے کے بعد بھرپور فارم میں آئی ہے۔ اوپنر ناصر جمشید کاانتخاب میرٹ پر نہیں تھا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کچھ اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ ناصر جمشید انگلینڈ کیخلاف وارم اپ میچ میں ناکام ہوئے تو انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھلانے کا کوئی جواز نہیں تھا۔