پاکستانی نژاد ایم پی برطانیہ کے نئے وزیرداخلہ

لندن ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد ایم پی ساجد جاوید کو آج برطانیہ کا نیا وزیرداخلہ مقرر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں ان کے پیشرو عنبروڈ نے یہ اعتراف کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا کہ انہوں نے تارکین وطن کیلئے ڈپورٹیشن ٹارگیٹس کی موجودگی کے بارے میں پارلیمنٹ کو گمراہ کیا۔ ساجد جاوید پاکستان کے ایک بس ڈرائیور کے فرزند ہیں جن کا خاندان 1960 کے دہے میں برطانیہ منتقل ہوگیا تھا۔ انہیں ان کے کابینی عہدہ یعنی وزیر برائے کمیونٹیز، لوکل گورنمنٹ اورہاؤسنگ سے ترقی دیکر وزیرداخلہ بنایا گیا ہے۔ 48 سالہ جاوید قبل ازیں ایک انویسٹمنٹ بینکر رہ چکے ہیں اور اس طرح وہ ایسے پہلے جنوبی ایشیائی ایم پی ہیں جنہیں برطانوی پارلیمنٹ میں اہم قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ برطانوی ملکہ نے بھی ساجدجاوید کی تقرری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منظوری دی ہے۔