پاکستانی فوج جلد سعودی عرب پہونچنے کا امکان : سعودی وزیردفاع

ریاض 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وز یر دفاع پرنس محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اتحادی افواج کے ساتھ مل کر یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں کرے گی۔ پاکستانی حکام اور سعودی قیادت کے درمیان یمن کے معاملے پر بات چیت کے بعد یہ طے پا گیا ہے کہ پاک فوج سعودی عرب اور اتحادی افواج کے ساتھ مل کر حوثی قبائل کے خلاف جنگ کرے گی۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اس بات پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ پاکستانی فوج بہرصورت سعودی تنصیبات کی حفاظت کرے گی۔ سعودی وزیر دفاع نے کہاکہ پاکستانی فوج جلد سعودی عرب پہنچ جائے گی اور حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کے ہمراہ ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی واضح کرچکا تھا کہ وہ مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی اس جنگ میں حصہ نہیں بنے گی تاہم سعودی عرب کی سالمیت کو اگر خطرہ ہوا تو پاکستانی فوج اس کا بھرپور دفاع کرے گی۔