حیدرآباد۔ یکم جون، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا جس نے خود کو ہندوستانی ظاہر کرتے ہوئے حیدرآبادی خاتون سے شادی کی تھی اور ماں بیٹی کو پیسوں کیلئے دھمکا رہا تھا۔ سائبر کرائم پولیس حیدرآبادنے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 41 سالہ محمد عمان اکرام عرف محمد عباس اکرام ساکن چادر گھاٹ کو گرفتار کرلیا۔ یہ پاکستانی شہری بیوی اور اس کی سوتیلی بیٹی کو دھمکا رہا تھا۔ اس نے لڑکی کے جسکی عمر 12سال بتائی گئی ہے عریاں تصاویر حاصل کرلی اور ویڈیو کلپ بھی تیار کرلیا تھا ، رقم نہ دینے کی صورت میں اس ویڈیو کو اجنبی افراد میں فروخت کرنے اور انٹر نیٹ پر عام کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ اس نے کئی مرتبہ خاتون کو مار پیٹ کا بھی نشانہ بنایا اور تنگ کررہا تھا۔ خاتون کی یہ دوسری شادی تھی جو دوبئی میں ملازمت کرتی ہے۔ شادی کے پیغام کے وقت اکرام نے خود کو ہندوستانی ظاہر کیا تھا اور اپنی شناخت دہلی سے بتائی تھی۔ در اصل یہ شخص پنجاب پاکستان کا رہنے والا ہے۔ وہ ویزٹ ویزا حاصل کرتے ہوئے بذریعہ نیپال ملک میں داخل ہوا پھر حیدرآباد پہنچا اور لڑکی کی آڑ میں دونوں کو دھمکانے لگا۔ پولیس سائبر کرائم حیدرآباد نے اس پاکستانی کو گرفتار کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔