کراچی ۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ ماہ انگلینڈ میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے اوپنر عابد علی نے میگا ایونٹ کی تیاری کے لیے سابق اوپنر بیٹسمین سچن تندولکر سے ملنے اور بیٹنگ ٹپس لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عابد علی نے کہا ہے کہ یہ میری خواہش اور امید ہے کہ میں سچن سے ملوں۔ وہ یقیناً مجھے گلے لگائیں گے اور بہتر بیٹنگ کے لیے تجاویز دیں گے۔مایہ ناز بیٹسمین سچن تندولکر کی طرح پست قامت عابد علی کی عمر 31 برس ہے اور اْن کا بیٹنگ کا انداز بھی سچن تندولکر سے ملتا جلتا ہے۔ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی پر گذشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ونڈے سیریز میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا جہاں انھوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ اب پاکستان کو ورلڈ کپ میں ان سے اچھی کارکردگی کی اْمید ہے لیکن وہ میگا ایونٹ سے قبل اپنے ہیرو سچن سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔ عابد علی کے بقول سچن تندولکر دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں۔ جس دن میں اْن سے ملوں گا، وہ میری زندگی کا یادگار دن ہوگا۔ مجھے اْمید ہے کہ جب میں ان سے بیٹنگ کے بارے میں سوال کروں گا تو وہ مجھے مثبت جواب دیں گے۔ عابد علی نے یہ بھی کہا کہ میں نے ہمیشہ سچن کی طرح بیٹنگ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انضمام الحق اور محمد یوسف کی طرح وہ ایک عظیم کھلاڑی تھے۔ اْن کا بیٹنگ ریکارڈ شاندار ہے۔