برسبین، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ’’متحدہ عرب امارات میں دھیمی وکٹیں ہماری منتظر ہوں گے، ان کنڈیشنز پر کھیلنے کیلئے ہمیں خصوصی طور پر خود کو تیار ہونا ہو گا‘‘۔ پاکستانی اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا نے برسبین میں ہندوستانی مٹی سے پچس بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے کیونکہ آسٹریلیا کا جنوبی ایشیا میں ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں رہا ہے، اسے وہاں گزشتہ 13 میں سے صرف ایک ٹسٹ میں فتح حاصل ہوئی جب 2011 ء میں گال میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔ گزشتہ برس آسٹریلیائی ٹیم کو ہندوستان میں 4 ٹسٹ کی سیریز میں وائٹ واش سے دوچار ہونا پڑا تھا۔
اب اس کا مقابلہ یو اے ای میں پاکستان سے ہو گا، وہاں کی اسپن کنڈیشنز اور خاص طور پر سعید اجمل کا خوف ان کے اعصاب پر سوار ہونے لگا ہے۔ کپتان کلارک نے کہا کہ ہمارا گزشتہ چند برس سے مشکل ترین چیلنج ملک سے باہر فتوحات حاصل کرنا ہے، ہم نے ہندوستان میں اچھا پرفارم نہیں کیا، مجھے یقین ہے کہ یو اے ای میں بھی وکٹیں ویسی ہی ہوں گی، پاکستان وہاں پر اسپن وکٹیں بنوائے گا اور ان کے اسکواڈ میں دو،تین اسپنرز شامل ہوں گے، اور یہی ہماری ٹسٹ ٹیم کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ واضح رہے کہ دورۂ زمبابوے اور یو اے ای کے حوالے سے برسبین میں آسٹریلیائی ٹیم کا خصوصی کیمپ لگایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا برسبین کے سنٹر آف ایکسی لینس میں ہندوستانی مٹی سے پچز تیار کرنے کا منصوبہ بنا چکا ہے۔