دبئی ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ میں ہند۔پاک مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کے آل راونڈر ہردیک پانڈیا کمر کی تکلیف کے باعث میچ سے باہرہوگئے اور اب وہ ایونٹ کے باقی میچز میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ پانڈیا کے زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کے بعد انکے مقام پر اسپن آل راؤنڈر رویندرجڈیجہ کو ٹیم میں طلب کرلیا گیا ہے۔پانڈیا پاکستان کے خلاف میچ کے دوران گیند کرتے ہوئے گر پڑے تھے جس سے انہیں کمر کی تکلیف ہوئی اور انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔ بورڈکے مطابق ان کی فٹنس کا جائزہ لیا گیا ہے لیکن وہ اب ٹورنمنٹ میں شرکت کے قابل نہیں ہیں۔بورڈ کے ذرائع کے بموجب پانڈیا پیٹھ کے نچلے حصے کی تکلیف کا شکار ہوئے ہیں اور وہ کھڑے ہوسکتے ہیں لیکن ٹورنمنٹ میں ان کی مزید شرکت ممکن نہیں ہے۔واضح رہے کہ پانڈیا کے ان فٹ ہونے کے بعد کیدھرجادھو کو چھٹے بولر کے طور پر استعمال کیا گیا تھا جو 3 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ۔