پانچ مقابلوں کی ٹسٹ سیریز ایک نیا چیلنج : دھونی

لیسٹر ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد انگلش ٹیم کے حوصلے پست ہیں لیکن ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہیکہ میزبان ٹیم کے خلاف 5 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز ایک نیا چیلنج ہوگا۔ اب جبکہ مہمان ٹیم نے کھلاڑیوں کو زیادہ تجربہ بھی حاصل نہیں ہے۔ دھونی نے مزید کہا کہ میزبان ٹیم کے کھلاڑی گھریلو حالات کو ہم سے بہتر جانتے ہیں لہٰذا سیریز ایک سخت اور مسابقتی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچ ٹسٹ، پانچ ونڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 پر مشتمل سیریز ایک طویل ترین سیریز ہے جبکہ پانچ ٹسٹ مقابلوں کی سیریز ہمارے لئے نئی ہے۔ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 0-1 ، ونڈے سیریز میں 2-3 اور واحد ٹوئنٹی 20 مقابلہ میں بھی شکست ہوئی ہے

لیکن دھونی نے کہا ہیکہ میزبان ٹیم کیلئے نتائج بھلے ہی موافق نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انگلینڈ کو آسان حریف قطعی تصور نہیں کیا جاسکتا۔ دھونی نے مزید کہا کہ ماضی میں کیا ہوا اس سے کہیں زیادہ یہ کہا جاسکتا ہیکہ انگلش ٹیم ایک شاندار ٹیم ہے اور ہمارے لئے سیریز میں سخت چیلنج رہے گا۔ دھونی نے اپنے ہم منصب الیسٹرکک کے ناقص فام پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ ان کے ریکارڈس کو دیکھئے اور گذشتہ مرتبہ جب ہم یہاں سیریز کھیل رہے تھے تو انہوں نے شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ نشیب و فراز کھلاڑی کے کیریئر کا حصہ ہیں اور ایک مرتبہ ناقص فام کے بعد کھلاڑی سنچری یا ڈبل سنچری اسکور کرتا ہے تو تنقیدیں خود بخود ختم ہوجاتی ہیں۔