پانچ خواتین کی خودکشی

حیدرآباد ۔ 22 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد کے علاقوں میں پیش آئے علحدہ واقعات میں 5 خواتین کی موت ہوگئی۔ ایک خاتون بیٹے اور بہو کی علحدگی سے دلبرداشتہ ہوگئی۔ دوسری نے بہن سے جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام کیا تو تیسری نے شوہر سے جھگڑے کے بعد خودکشی کرلی۔ چوتھی حادثاتی طور پر جھلس کر فوت ہوگئی۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 46 سالہ اوما جو ایس ایس کالونی کے ساکن ایشوریہ کی بیوی تھی، کل رات اس خاتون نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ یہ خاتون اپنے بیٹے اور بہو کی علحدگی سے پریشان تھی۔ بیگم بازار پولیس کے مطابق 19 سالہ سمیرہ سلطانہ جو پٹیل نگر علاقہ کے ساکن رحمت اللہ کی بیٹی تھی، 20 فبروری کو اس لڑکی کا اپنی بہن سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا تھا،

جس کے بعد اس نے ذہنی تناؤ کے عالم میں نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی جو کل رات علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 22 سالہ نیلماں جو حیات نگر علاقہ کے ساکن کمار کی بیوی تھی، اس نے شوہر سے جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام کرلیا اور کل خودسوزی کرلی جس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 16 سالہ جویریہ ناز جو بوئن پلی علاقہ کے ساکن محمد سلیم کی بیٹی طالبہ تھی جو 20 جنوری کے دن اپنے مکان میں حادثاتی طور پر جھلس گئی تھی جس کی کل رات علاج کے دوران موت ہوگئی۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 39 سالہ سنگیتا جو صنعت نگر علاقہ کے ساکن شرانپا کی بیوی تھی اس نے 21 فبروری کو خرابی صحت کے سبب پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔