پانچویں ٹسٹ میں تین نئے انگلش کھلاڑیوں کی شرکت متوقع

سڈنی ۔2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کُک نے اشارہ دیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف منعقد شدنی پانچویں ایشیز ٹسٹ کیلئے ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جاسکتا ہے تاکہ انگلش ٹیم کے نئے عہد کا آغاز کیا جاسکے ۔ کُک نے کہا کہ گذشتہ 8یا 9ماہ کے دوران انگلش ٹیم نے جو مظاہرے کئے ہے اس میں ہر کھلاڑی کی کارکردگی بہتر اور مستقل تھی لیکن اب حالات گذشتہ چند ماہ سے بدل چکے ہیں ۔ روزنامہ ’’ گارڈین‘‘ کی خبر کے بموجب انگلش ٹیم 11یا 12ان کھلاڑیوں پر اب مستقل انحصار نہیں کرسکتی ہے جنہوں نے ایک عرصہ سے ٹیم کیلئے مظاہرہ کیا ہے کیونکہ چند نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ہونے کے علاوہ اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں ۔

امید کی جارہی ہے کہ اوپنر مائیکل کیربیری کے مقام پر گیری بیلنس اور ٹم برسنین کے مقام پر بوائیڈ رینکن کو موقع دیا جاسکتا ہے ۔ تیسرے نئے کھلاڑی کے متعلق امید کی جارہی ہے کہ یہ ٹیم کے فی الوقت نمبر ایک اسپنر سمجھے جارہے مونٹی پنیسر کے مقام پر ڈرہم سے تعلق رکھنے والے اسکارٹ بورتھ وک کو موقع دیا جاسکتاہے ۔ علاوہ ازیں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان کُک نے اپنے کوچ اینڈی فلاور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلاور ایک بہترین کوچ ہے اور ان کی قیادت میں ٹیم کو پہلی مرتبہ شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ ٹیم نے یہاں جس طرح مظاہرے کئے ہیں وہ مایوس کن ضروری ہے لیکن فلاور کی خدمات ٹیم کیلئے قابل ستائش ہیں۔