پالی ٹیکنک کالج بلڈنگ کا کڈیم سری ہری کے ہاتھوں افتتاح

325 کروڑ کی لاگت سے تعمیری کاموں کا آغاز ، سرکاری کالجس میں 98 فیصد داخلے

سنگاریڈی ۔ /29 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت 325 کروڑ روپئے کی لاگت سے ریاست تلنگانہ میں پالی ٹیکنک کالجس بلڈنگس کی تعمیر عمل میں لارہی ہے اور جاریہ تعلیمی سال گورنمنٹ پالی ٹکنک کالجس میں 95 تا 98 فیصد طلباء و طالبات کے داخلے عمل میں آئے ہیں جبکہ خانگی پالی ٹیکنک کالجس میں صرف 60 فیصد طلباء کے ہی داخلے ہوئے ۔ اسطرح ریاستی حکومت گورنمنٹ کالجس میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ گورنمنٹ پالی ٹکنک کالجس کی ترقی کیلئے ریاستی حکومت تمام اقدامات کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار نائب وزیر اعلیٰ کڈیم سری ہری نے آج سنگاریڈی کے موضع اسماعیل خاں پیٹ میں گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج بلڈنگ کا اور حلقہ سنگاریڈی کے موضع کلبگور میں مویشیوں کی مارکٹ یارڈ کا افتتاح انجام دینے کے بعد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام پالی ٹیکنک کالجس میں کنٹراکٹ اساس پر لکچررس کا تقرر عمل میں لائی ہے اور ہر کالج میں بائیو میٹرک سسٹم کو لاگو کرتے ہوئے صدفیصد حاضری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی چنتا پربھاکر اور رکن پارلیمان کی خصوصی دلچسپی سے گورنمنٹ کالجس میں طلباء و طالبات کے داخلوں میں 50 فیصد کا اضافہ عمل میں آیا ہے ۔ سنگاریڈی پالی ٹیکنک کالج کی ترقی کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔ بہترین انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتاپربھاکر کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں سنگاریڈی کے موضع کلبگور میں تمام تر سہولتوں سے لیس 75 لاکھ روپئے کی لاگت سے مویشیوں کی مارکٹ یارڈ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔ جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی چنتاپربھاکر ، رکن پارلیمان میدک کے پربھاکر ریڈی ، چیرمین زرعی مارکٹ کمیٹی کونڈل ریڈی، وائس چیرمین مارکٹ کمیٹی سنگاریڈی ، ایم اے سبحان ، ضلع جوائنٹ کلکٹر وینکٹیشورلو ، عوامی قائدین و کارکنان کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔