پارکنگ کے نام پر من مانی رقم وصول کرنے والوں پر مقدمہ

حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ گاڑیوں کی پارکنگ کے نام پر من مانی رقم وصول کرنے والے 6افراد کے خلاف جبراً وصولی اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر جتیندر نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے پارکنگ لاٹ میں کئی کنٹراکٹرس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من مانی رقومات حاصل کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آج ایک خصوصی کارروائی میں ٹریفک پولیس نے نیشنل ہوٹل پارکنگ افضل گنج کے کنٹراکٹر پدما عرف شیلجا، جی وی کے مال پنجہ گٹہ کے مرگن لاوا، لال بنگلہ پنجہ گٹہ کے پربھو، آدتیہ ٹریڈ سنٹر پاسپورٹ آفس امیر پیٹ کے ایس راجو، حمایت نگر وائی جنکشن لبرٹی کے ٹی بالا راجو، ڈی سنگمیشور، ایم پرکاش اور ناگراجو کے علاوہ پیراڈائیز سکندرآباد کے ایم سندیپ کو گرفتار کرکے انہیں افضل گنج، پنجہ گٹہ، ایس آر نگر، نارائن گوڑہ اور رام گوپال پولیس پیٹ کے حوالے کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے مقرر کردہ پارکنگ فیس ادا کریں اور کسی کنٹراکٹر کی جانب سے زیادتی کئے جانے پر فوری پولیس کو اطلاع کریں۔