نئی دہلی۔ 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج ترقی یافتہ صفائی کے معیاروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریلویز کی پہلی بلٹ ٹرین پراجکٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانے والا ہے۔ وہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلٹ ٹرین پراجکٹ کے سلسلہ میں جاپان کے ساتھ ہندوستان کا معاہدہ ’’تاریخ ساز‘‘ کارنامہ ہے۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ حکومت جاپان کے ساتھ معاہدہ سے ممبئی تا احمدآباد انتہائی تیز رفتار ریلوے راہداری کا خواب ایک حقیقت بن جائے گا۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ حکومت کی جانب سے جو صفائی کی مہم چلائی جارہی ہے، اسے ریلویز تک توسیع کی گئی ہے اور موجودہ مرحلہ میں ٹرینوں سے ڈرینج مربوط کی جائے گی اور انسانی خاکروبی کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ حکومت نے کئی پرعزم اقدامات کئے ہیں تاکہ ریلوے اسٹیشنوں پر اور ٹرینوں میں صفائی کے معیاروں کو بہتر بنایا جاسکے۔ موجودہ مرحلہ میں ٹرینوں سے راست ڈرینج میں فضلہ کا اخراج ہوگا اور انسانی خاکروبی کا اختتام ہوگا۔ نئے ڈبے اب حیاتیاتی بیت الخلاؤں سے آراستہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے توسیع کی صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دگنا کردینے اور پٹریوں کی تبدیلی کی صلاحیت میں ریلویز نے اضافہ کردیا ہے۔ بڑی پٹریاں بچھائی جارہی ہیں اور ٹرینوں کو برقی توانائی سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملے گی۔ ریلویز کے سرمایہ کے اخراجات 2015ء میں عروج پر پہنچ گئے۔ انہوں نے دو بڑے ریل پراجکٹس بہار میں شروع کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے دو بڑے پراجکٹس ڈیزل اور بڑھتی ایندھنوں کی فیکٹریوں کے متھرا اور مادھے پورا میں قائم کرکے ایک بے مثال کارنامہ انجام دیا ہے۔