پارلیمنٹ میں کانگریس کیخلاف بی جے پی کا منصوبہ

نئی دہلی۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویاپم اسکام اور دیگر مسائل پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی تنقید کا سامنا کرنے والی مودی حکومت اور بی جے پی نے فیصلہ کیا ہیکہ کانگریس زیراقتدار ریاستوں میں مبینہ کرپشن کے مسائل پورے زور و شور سے اٹھائے جائیں گے تاکہ اپوزیشن پارٹی کی منصوبہ بند تنقید کی شدت کم کی جاسکے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں للت مودی تنازعہ، ویاپم اسکام اور دیگر مسائل پر تعطل جاری رہنے کی توقع ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہیکہ جوابی جارحانہ تنقید میں شدت پیدا کی جائے گی اور کانگریس زیراقتدار ریاستوں اور چیف منسٹروں کے مبینہ کرپشن کے واقعات ہماچل پردیش، آسام، اتراکھنڈ، کرناٹک اور کیرالا کے سلسلہ میں اٹھائے جائیں گے۔ حکومت نے آج 3 مرکزی وزراء ہریش راوت، کے کے کنگن کو جوابی تنقید کے لئے نامزد کیا ہے۔ حکومت کی جارحانہ کارروائی کا اندازہ آج وزیرخارجہ سشماسوراج پر تنقید کے جواب میں ان کے استعفیٰ کو خارج از امکان قرار دینے سے ظاہر ہوگیا۔ حکمت عملی کے ایک حصہ کے طور پر نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہیکہ کانگریس کی تنقید سے خوفزدہ نہ ہوں اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دعویٰ کریں کہ مرکزی حکومت میں کسی نے بھی کوئی غلطی نہیں کی ہے۔