پارلیمنٹ میں مسلم لیگ قائد ای احمد کے قلب پر حملہ

نئی دہلی، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور انڈین یونین مسلم لیگ کے صدر ای احمد کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کی حالت نازک ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ۔ مسٹر احمد آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں صدر جمہوریہ کے خطاب کے دوران اچانک اپنی نشست سے بے ہوش ہوکر گر پڑے جس کے بعد انہیں فورا ایمبولینس سے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رام منوہر لوہیا اسپتال لے جایا گیا۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ مسٹر احمد کو دل کا دورہ پڑا ہے اور ان کی حالت کافی نازک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق مرکزی وزیر کے صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں ۔ اس درمیان، کانگریس نائب صدر راہل گاندھی، مرکزی وزیر مہیش شرما اور جتیندر سنگھ نے اسپتال جاکر ان کی عیادت کی ۔ کیرالہ کے دیگر رہنما اور ارکان پارلیمنٹ بھی اسپتال پہنچے ۔کیرالہ میں کنور کے رہنے والے مسٹر احمد سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دور اقتدار میں خارجی امور اور فروغ انسانی وسائل کی وزارتوں میں وزیر مملکت رہے ہیں۔ وہ پہلی بار 1991 میں لوک سبھا کے لئے منتخب کئے گئے اور مئی 2014 میں کیرالہ کی منپورم سیٹ سے ساتویں بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ۔