پارلیمنٹ میں بلز کی منظوری کیلئے اپوزیشن سے تائید طلبی : حکومت

نئی دہلی ۔ 8 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)ایک ہفتہ طویل تعطل کے راجیہ سبھا میں خاتمہ کے بعد حکومت نے آج اپوزیشن سے پارلیمنٹ میں زیرالتواء ’’بھاری ایجنڈے ‘‘ کی منظوری کیلئے تعاون طلب کیا ۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اب ہم سمجھتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا بھاری ایجنڈہ بشمول کئی مسودات قانون تبادلۂ خیال اور مباحث و فیصلے کیلئے پیش کئے جاسکیں گے ۔ دیگر کئی اُمور بھی ہمارے اپوزیشن کے دوست اُٹھانا چاہتے ہیں ۔ سادھوی نرنجن جیوتی کے متنازعہ تبصرے پر تعطل کے خاتمہ کے فوری بعد مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہمیں مل جل کر کام کرنا چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ ہماری شبیہ ، وقار اور پارلیمنٹ کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اُن کا بیان حکومت کی جانب سے قانون سازی کے بھاری ایجنڈے کو اس ہفتہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے ارادے کے پیش نظر سامنے آیا ہے ۔ ان میں کئی مسودات قانون بشمول کوئلہ بلاکس مختص کرنے کے آرڈنینس کے متبادل قانون ، پارچہ بافی کے قومیانے کے قوانین ، مخالف ہائی جیکنگ قانون اور ضمنی مطالبات زر کے علاوہ متعلقہ اپروپریشین بلس بھی ترجیحی ایجنڈے کی حیثیت رکھتے ہیں ۔