پارلیمنٹ مانسون سیشن پوری طرح ضائع وزیراعظم نریندرمودی کا اعتبار بھی متزلزل

نئی دہلی ۔ 4 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کا مانسون سیشن پوری طرح ضائع ہوچکا ہے۔ کوئی کام کاج نہ ہونے سے این ڈی اے حکومت کی اصلاحات کا ایجنڈہ ٹھپ ہوکر رہ گیا اور وزیراعظم نریندر مودی کا بھی اعتبار متزلزل ہوتا جارہا ہے ۔ ان کی سیاسی صلاحیتوں اور اقدامات کو گہن لگ جائے تو عوام کی نگاہوں میں حکومت کا اعتبار بھی ختم ہوجائے گا۔ اپوزیشن ذرائع نے بتایا کہ یو پی اے حکومت کے  دور میں 2G اور کوئلہ اسکام کے بعد کانگریس کا جو حشر ہوا تھا اب اس حشر کو بی جے پی بھی دعوت دے رہی ہے ۔ حکومت نے کانگریس کے 25 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کر کے اپوزیشن کو مزید متحد کردیا ہے۔ ایسے میں مودی حکومت کی ناکامی نہ صرف پارٹی کا نقصان ہے بلکہ قوم کیلئے بھی یہ خسارہ سے کم نہیں کیونکہ یہ ملک ایک ناکارہ حکومت کو زیادہ دن تک برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان دنوں راہول گاندھی نے اپنی مخالف حکومت تقاریر کے ذریعہ نریندر مودی کی مقبولیت پر اپنا غلبہ حاصل کرنے کی کامیاب کوشش شروع کی ہے۔ مودی حکومت کی 45 ماہ پرانی حکومت کا انجام تیزی سے ابتری کا شکار ہورہا ہے۔