نئی دہلی 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کئی بی جے پی قائدین بشمول سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت پیش کیا جو جاریہ سال اگسٹ میں فوت ہوئے۔ اُنھوں نے 2001 ء میں پارلیمنٹ پر 17 سال قبل حملے میں ہلاک فوجیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ پہلے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرمائی اجلاس کے دوران مودی نے تاہم راست طور پر حالیہ ریاستی انتخابی نتائج کا تذکرہ نہیں کیا جن میں پارٹی کو زبردست دھکہ لگا ہے اور اِس نے راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں اقتدار کھودیا ہے۔ اُنھوں نے اپنے کابینی ساتھی اننت کمار اور پارٹی رکن پارلیمنٹ بھولا سنگھ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ واجپائی کے نظریات کی تکمیل کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی تعلیمات پر عمل ہی اُن کو بھرپور خراج عقیدت ہے۔ واجپائی جاریہ سال اگسٹ میں انتقال کرگئے تھے۔ 13 اگسٹ 2001 ء کو پارلیمنٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔