سنگاریڈی /15 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسٹر راہول بوجا کلکٹر ضلع میدک نے کلکٹریٹ سنگاریڈی میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ حلقہ پارلیمان میدک کے ضمنی انتخاب میں جملہ 67.79 فیصد رائے دہی ہوئی ہے ۔ 15.43 لاکھ ووٹرس کے منجملہ 10.46 لاکھ ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ شہری علاقوں میں رائے دہی کا فیصد کم اور دیہی علاقوں میں زیادہ رہا ۔ حلقہ اسمبلی نرساپور میں سب سے زیادہ اور حلقہ اسمبلی پٹن چیرو میں سب سے کم رائے دہی ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ پارلیمان میدک کے ووٹوں کی گنتی 16 ستمبر بروز منگل صبح 8 بجے سے احاطہ گیتم یونیورسٹی موضع ردرارم نزد سنگاریڈی میں منعقد ہوگی ۔ رائے شماری کیلئے ضلع انتظامیہ نے تمام انتظامات کو مکمل کرلیا ہے ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مرکزی انتخابی مبصرین اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں اسٹرانگ روم میں محفوظ کرتے ہوئے سربمہر کردیا گیا ۔ حلقہ پارلیمان میدک کے ووٹوں کی گنتی صبح8 بجے شروع ہوگی اور دوپہر تک نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا ۔ حلقہ پارلیمان میدک کے تحت آنے والے سات اسمبلی حلقہ جات سنگاریڈی ، پٹن چیرو ، نرساپور ، میدک ، گجویل ، سدی پیٹ اور دوباک کیلئے علحدہ ہالس مختص کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ واری طور پر ووٹوں کی گنتی کی جائے گی ۔ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے 14 ووٹوں کی گنتی کے ٹیبلس نصب کئے جائیں گے اور ہر اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی کیلئے 121 کاونٹنگ اسسٹنٹ 120 کاونٹنگ سوپروائزرس ، 144 مائیکرو آبزرورس متعین کئے جائیں گے ۔ کاوٹنگ ہال کے اندر صرف رائے شماری اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین کے علاوہ امیدوار اور ان کے الیکشن و کاوٹنگ ایجنٹس کو اجازت رہے گی ۔ کاونٹنگ ہال کے اندر سیل فون لانے یا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ جملہ 98 کاوٹنگ ٹیبلس نصب کئے گئے اور تقریباً 132 راؤنڈ میں گنتی مکمل کرلی جائے گی ۔