لاہور ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سعید اجمل کی معطلی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین شہریار خان نے اس ضمن میں کہا کہ اگر اپیل قبول ہوگئی تو سعید اجمل پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ سعید اجمل کی معطلی پاکستان کے لئے بڑا دھکا ہے اور فیصلے کے خلاف دو ہفتے کے اندر اپیل کریں گے۔ اسٹار آف اسپنر کی کمی پوری کرنے کے لئے نئے بالروں کو آزمایا جائے گا۔ اپیل اگر قبول ہوگئی تو سعید اجمل پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، لیکن اگر اپیل مسترد ہوگئی تو ایک سال کی پابندی عائد ہوسکتی ہے۔
بنگلہ دیش کو اننگز شکست کا خطرہ
کنگس ٹاؤن ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم زخمی انگلی کے ساتھ نہ صرف 70 رنز اسکور کرچکے ہیں بلکہ وہ ٹیم کو اننگز شکست سے محفوظ رکھنے کی جدوجہد کررہے ہیں جیسا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن مہمان ٹیم 256/5 رنز اسکور کرلئے ہیں تاہم اسے اننگز شکست سے محفوظ رکھنے کیلئے آخری دن ہنوز 46 رنز بنانے ہیں۔ محمود اللہ (66) کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلئے رحیم نے 130 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک شرمناک شکست سے محفوظ رکھا ہے۔