پئیس ۔ ہنگس جوڑی آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز فاتح

ملبورن ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار لئینڈر پئیس نے اپنے کیرئیر کا 15 واں گرانڈ سلام حاصل کیا جبکہ انہوں نے اپنی سوئیٹزر لینڈ کی مکسڈ ڈبلز ساتھی مارٹین اہنگس کے ساتھ آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز خطاب جیت لیا ۔ ساتویں نمبر سیڈ ہندوستانی ۔ سوئیز جوڑی نے تیسری نمبر سیڈ جوڑی ڈانیل نیسٹر اور کرسٹینا ملاڈنووچ کو ایک گھنٹہ 2 منٹ تک چلے فائنل مقابلہ میں 6 – 4, 6 – 3 سے شکست دیدی اور خطاب اپنے نام کرلیا ۔ مکسڈ ڈبلز میں 41 سالہ لئینڈر پئیس کا یہ ساتواں خطاب تھا جبکہ مارٹینا ہنگس نے یہ اپنے کیرئیر میں گیارہواں مکسڈ ڈبلز خطاب جیتا ہے ۔ ہنگس دو مرتبہ سبکدوشی اختیار کرنے کے بعد دوبارہ ٹینس کے میدان پر آئی ہیں۔ پئیس اور ہنگس نے کناڈا ۔ فرانس سے تعلق رکھنے والی نیسٹر اور کرسٹینا کی جوڑی کے خلاف بہترین مظاہرہ کیا اور اسے سنبھلنے کا موقع دئے بغیر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ۔ پہلے سیٹ میں ایک مرتبہ اور دوسرے سیٹ میں دو مرتبہ اس جوڑی نے مخالف جوڑی کی سرویس بریک کی ۔ پئیس اور ہنگس نے گذشتہ سال مکسڈ ڈبلز کیلئے جوڑی بنائی تھی اور انہوں نے بہت کم وقت میں گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا تھا ۔ ہنگس نے کہا کہ انہیں ان کی پسندیدہ کھلاڑی مارٹینا نوراتیلو انے مکسڈ ڈبلز میں پئیس کے ساتھ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا جس پر وہ ان کی مشکور ہیں۔