شارجہ ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹی 10 لیگ کے فائنل میں شاہد آفریدی کی ٹیم پختونزکو ناردرن واریئرز نے 22 رنز سے شکست دے کر چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ شارجہ میں کھیلے گئے 10 اوورز کے فائنل میچ میں شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر ناردرن واریئرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کے بیٹسمینوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ محمد عرفان نے لینڈل سمنز کو 12 رنز پر آوٹ کرکے پختونز کے لئے اچھا آغاز فراہم کیا لیکن رومین پاول نے شاندار اننگز کھیل کر میچ کو اپنی ٹیم کے حق میں کردیا۔ ناردرن واریئرز کی دوسری وکٹ 40 کے اسکور پر گری جب پوران شراف الدین اشرف کی گیند پر سہیل خان کا کیچ بنے جس کے بعد تیسری وکٹ کے لئے طویل انتظار کرنا پڑ اور 102 کے اسکور پر 38 رنز بنانے والے آندرے رسل آوٹ ہوئے۔ کپتان شاہد آفریدی نے رسل کی وکٹ حاصل کی تاہم ناردرن واریئرز کے کپتان ڈیرن سیمی نے پاول کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 140 رنز تک پہنچایا۔ناردرن واریئرز نے مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں پر 140 رنز بنائے۔ پاول نے 25 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 61 رنز بنائے، ڈیرن سیمی نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 14 رنز بنائے۔ ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں پختونز کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گری جب ڈیل پورٹ 3 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد آندرے فلیچر اور وکٹ کیپر شفیق اللہ نے اسکور کو 63 رنز تک پہنچایا، فلیچر 37 رنز بنا ئے ۔ شاہد آفریدی گزشتہ میچ کی طرح جارحانہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے تاہم 2 چھکوں کی مدد سے 7 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد انگرام صفر پر آوٹ ہوئے تو پختونز کی 4 وکٹیں 83 رنز پر گر چکی تھیں۔ رسل نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں اچھی کارکردگی دکھائی اور شفیق اللہ کو رن آوٹ کرنے کے بعد 12 رنز بنانے والے ڈاوسن کو آوٹ کرکے پختونز کو چھٹا نقصان پہنچایا، محمد کلیم 5 رنز بنا کر روی بوپارا کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ پختونز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 118 رنز بنائے اور 22 رنز کے فرق سے خطاب سے محروم ہوگئے۔ ناردرن واریئرز کی جانب سے گرین اور ولجوئین نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔