ٹی 20 مقابلے میں ٹیم 8 رنز پر ڈھیر

کوالالمپور ۔10اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) ٹی 20کرکٹ میں عام طور پر بولروں کی پٹائی ہوتی ہے اور بیٹسمینوں کا خوف مخالف ٹیموں پر حاوی رہتا ہے لیکن کوالالمپور میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے ایشیا ریجن کوالیفائرس میں ایک ایسا میچ دیکھنے کو ملا ، جس میں بولر پوری طرح سے چھائے رہے۔ یہ مقابلہ میانمار اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا ، جس میں صرف 20 رنز ہی بنے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میانمار کی ٹیم 10.1 اوورس میں 9 وکٹ گنواکر صرف 8 رن ہی بناسکی ، جس کے بعد بارش نے میچ میں خلل ڈال دیا۔میزبان ملیشیائی ٹیم کو بارش تھمنے کے بعد 6 رنوں کا ترمیمی نشانہ دیا گیا۔ اس ٹیم نے بھی دو وکٹ جلد ہی گنوادئے۔ ملائیشیا کی شروعات خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اس کے اوپنر کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے حالانکہ اس کے بعد سہان الاگاراتھنم نے چھکا لگا کر ملیشیا کو 1.4 اوورس میں 8 وکٹ سے کامیابی دلادی۔ میانمار کی ٹیم کے چھ کھلاڑی اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ملائیشیا کے بائیں ہاتھ کے اسپنر پون دیپ سنگھ نے چار اوور میں ایک رن دے کر 5 وکٹ لئے جس میں تین اوور میڈن ڈالے ۔ میانمار کی جانب سے 8 رن میں ایک بھی باونڈری نہیں لگی ، سبھی رنز سنگل میں بنے۔

لارا کی ٹیم بھی ناکام رہی : ہولڈر
حیدرآباد۔ 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے اپنی ٹیم پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 90ء کے دہے میں لیجنڈ بیٹسمین برائن لارا کی موجودگی کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہندوستان میں ٹسٹ سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کرپائی تھی جبکہ آخری مرتبہ 1994ء میں سیریز ڈرا ہوئی تھی جس میں لارا نے 91 رنز بنائے تھے۔