ٹی گارڈنس ورکرس کی بھوکمری کیلئے مرکز ذمہ دار چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کا الزام

سلیگوڑی( مغربی بنگال) ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج شمال بنگال میں چائے کے باغات (ٹی گارڈنس) کی زبوں حالی کیلئے مرکزی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا جس میں بیشتر بند ہوجانے کے باعث ورکرس فاقہ کشی کیلئے مجبور ہوگئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مغربی بنگال میں ٹی گارڈنس کی حالت ابتر ہوئی ہے جس کے باعث یہاں کے ور کرس بیروزگار ہوگئے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد ورکرس نے خودکشی کرلی ہے یا پھر فاقہ کشی سے موت واقع ہوگئی۔ ستم ظریفی یہ ہیکہ ٹی گارڈنس ورکرس کی امداد و راحت کیلئے مرکز کوئی تعاون نہیں کر رہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے غریب ٹی ورکرس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے 100 کروڑ کے ایک پراجکٹ کی منظوری دیدی ہے جس پر بہت جلد عمل درآمد کیا جائے گا اور ابتداء میں تمام ورکرس کو 2 روپئے کیلو چاول کی سربراہی کے انتظامات کئے جائیں گے۔