حیدرآباد۔/17اگسٹ، ( سیاست نیوز ) تلگو ٹی وی چینل کے رپورٹر پر میر پیٹ پولیس کے مبینہ حملہ کے خلاف ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر زون دفتر کے روبرو صحافیوں نے دھرنا منظم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میرپیٹ علاقہ میں شراب کی دکانات کے قریب کھلے عام مہ نوشی کا پردہ فاش کرنے کی غرض سے ویڈیو گرافی کرنے والے رپورٹر نوین یادو پر میر پیٹ پولیس عملے نے مبینہ طور پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ اس واقعہ کے بعد رپورٹر کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس کے اس رویہ کے خلاف صحافیوں کے وفد نے ڈی سی پی دفتر کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور پولیس عملے کی جانب سے چھین لئے گئے کیمرے کو واپس لوٹانے کا مطالبہ کیا۔