جگتیال۔3اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلام میں عورت کا اونچا مقام ہے لیکن آج خواتین باطل طاقتوں کے بہکاوے میں آکر گمراہ ہوتی جارہی ہے جس کے سبب معاشرے میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا پی ایم مزمل رشادی والا جاہی بنگلور نے جامعہ عربیہ تحفیظ القرآن محلہ رحمت پورہ میں خواتین کے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج خواتین ایک دوسرے کی دشمن بن رہی ہے ‘ گھریلو جھگڑے اس کا سبب بن رہے ہیں ۔ اس کی اہم وجہ ساس اور بہو تو ‘ کہیں پر نند بھاوج چھوٹی سی باتوں کو لیکر رائی کا پہاڑ بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے اچھے خاصے گھرانے جہنم بنے ہوئے ہے اس کی وجہ سے گھریلو سکون ختم ہورہا ہے ۔ معاشرے میں اصل خرابی خواتین میں دین سے دوری اور ٹی وی سیریل ہے جو باطل طاقتیں مسلم گھرانوں کو تباہ کرنے کیلئے ٹی وی کا استعمال کررہی ہے ۔ خواتین کوچاہیئے کہ وہ ٹی وی وغیرہ سے بچیں اور آپسی جھگڑوں وغیرہ سے اجتناب کریں کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی یہ خیال دل میں رکھتے ہوئے خواتین ایک دوسرے پر ظلم نہ کریں اور خواتین نیک اور فرمابردار بیوی بنیں ۔ انہوں نے حضرت فاطمہؓ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ کی فرمابرداری بیوی تھیں جو ان کی بغیر اجازت کوئی کام نہیں کرتی تھی اور کسی قسم کی غلطی سرزد ہوجاتی تو فوری معافی طلب کرتی ۔
اس موقع پر مولانا نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اولاد بالخصوص لڑکیوں کو اچھی تربیت اور دینی تعلیم سے آراستہ کریں اور انکی دنیا و آخرت بنانے کی فکر کریں اور صبر وسکون اور شکر گدار عاجزی و انکساری کے ساتھ زندگی گذارنے کی تلقین کریں ۔ انہوں نے کہا کہ زبان کی حفاظت کریں ‘بہترین عورت وہ ہے جو اپنی چار دیواری میں رہ کر اپنے شوہر کیلئے بناؤ سنگار کرے اور اس کے حقوق ادا کرنے میں خدا کا خوف کھائیں ۔ سیل فون اور انٹرنیٹ کی برائیوں سے بچائے رکھیں ‘ پردے کا اہتمام کریں ۔ روزقیامت میں اولاد کی تربیت کے بارے میں والدین سے ایک ایک سوال کیا جائے گا ‘ خواتین کو چاہیئے کہ وہ اپنے گھروں کو جنت بنائیں اور معاشرے کی اصلاح کیلئے خواتین اپنا اہم کردار ادا کریں اور نمازوں کی پابندی ‘ ذکر الٰہی اور تلاوت قرآن سے اپنے گھروں کو پُرنور کریں۔ اس موقع پر جلسہ میں حافظ شیخ سرور ناظم صدر جامع عربیہ تحفیظ القرآن مولانا عبدالرحمن ‘ حافظ اسمعیل اور محمد زبیر ‘ الحاج یونس ندیم ‘ محمد عرفان الدین ‘ محمود علی افسر ‘ میر کاظم علی اور دیگر موجود تھے ۔ اسی طرح بعد نماز عشاء پرنس گارڈن فنکشن ہال میں ہیلپنگ پائنڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیراہتمام جلسہ اصلاح معاشرہ اور اسوہ ابراہیم منعقد کیا گیا جس کو مولانا عمر فاروق قاسمی ‘ کریم نگر اور مولانا پی ایم مزمل رشادی صاحب نے مخاطب کرتے ہوئے یاد ابراہیم ؑ اور حقیقت قربانی و معاشرے کی اصلاح پر مخاطب کیا ۔ اس موقع پر عوام کثیر تعداد میں شریک تھے ۔