ٹی آر ایس کے سینئر قائد پارٹی سے مستعفی

یلاریڈی ۔ 18 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ کے منگارم علاقہ سے تعلق رکھنے والے VSS چیرمین و سینئر ٹی آر ایس قائد مسٹر مکام راملو نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیتے ہوئے انتھک محنت کرنے والے اور گذشتہ دس سال سے پارٹی کے بے لوث خدمت کرنے کے باوجود بھی انہیں موزوں مقام نہ ملنے پر ناراض ہو کر مستعفی ہونا پڑ رہاہے۔ ٹی آر ایس میں ایمانداروں کی قدر کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ اس لئے انہوں نے بہت جلد کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا اور کانگریس امیدوار مسٹر نلامڈگو سریندر کی موجودگی میں بھی شامل ہونے کی بات کہی ۔ حلقہ یلاریڈی میں ٹی آر ایس امیدوار کو جھٹکے لگتے جا رہے ہیں ۔ منڈل رام ریڈی میں بھی ٹی آر ایس امیدوار رویندرریڈی کو عوام کی شدید ناراضگی و راحتجاج کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ جہاں پر یہ اپنی انتخابی مہم کی غرض سے پہنچے تو عوام نے انہیں روک لیا اور ترقیاتی کاموں کی کوتاہیوں کو بیان کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ۔ ٹی آر ایس ارکان نے عوام کو قابو میں کیا لیکن ٹی آر ایس سے متعلق عوام کی ناراضگیوں کا سلسلہ ایک ایک کرکے سامنے ضرور آ رہا ہے ‘ جس سے ٹی آر ایس کے خیمہ میں ایک بے چینی و تشویش ضرور پیدا ہوگئی ہے ۔ 20 نومبر کو مسٹر کے سی آر کا دورہ یلاریڈی مقرر ہے اور عوام کی یہ ناراضگیاں امیدوار کے لئے لمحہ فکر سے کم نہیں ۔