ٹی آر ایس کی حکمرانی پر عوام کا غیر متزلزل اعتماد

ظہیرآباد میں فتح ریالی سے ایم ایل سی محمد فریدالدین اور منتخب رکن اسمبلی مانک راؤ کا خطاب

ظہیرآباد ۔ 16؍ ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل نے کل شب یہاں کمار ہوٹل کے روبرو ٹی آر ایس کے نومنتخب رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ کی فتح ریالی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی‘ اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی آر ایس کی حکمرانی پر عوام کا اعتماد غیر متزلزل ہے ۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کو کانگریس کے قبضہ سے چھڑا کر اسے ٹی آر ایس کے قبضہ میں دینے پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہاکہ عوام کا یہ دور اندیش عمل ‘ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کو بے مثال ترقی کی سمت گامزن کرے گا ۔ رکن قانون ساز کونسل محمد فریدالدین نے خطاب کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے ٹی آر ایس امیدوار کے مانک راؤ کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو تاریخی قرار دیااور کہاکہ یہ کامیابی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے باشعور رائے دہندوں کی ہے ‘ جنہوں نے ٹی آر ایس حکومت کی بہتر حکمرانی کی بدولت اپنے ووٹوں کا استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج حالات بدل گئے ہیں ‘عوام کا سیاسی شعور بیدار ہوگیا ہے ان کے نزدیک وہی جماعت قابل اعتبار ہے جس نے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے سرکردہ قائدین و سرگرم کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کامیابی پر فخر نہ کریں ۔ بلکہ عوام کی خدمت پورے اخلاص کے ساتھ انجام دیں ۔ اور اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ انتخابات میں ہار جیت لگی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امران کی سمجھ سے باہر ہے بلکہ تعجب خیز بھی ہے ۔ کہ عوام نے اس امیدوار (گیتا ریڈی) کا بھی ساتھ دیاہے ۔ جس نے گذشتہ ساڑھے نو سال کی طویل مدت کے دوران اپنے حلقہ انتخاب میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے بھی ٹی آرایس امیدوار کے مانک راؤ کو مبارکباد دی ہے اور یقین دلایاہے کہ وہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے ۔نو منتخب ایم ایل اے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے خطاب کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کرنے پرعوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ عوام کی ان توقعات پر کھرا اُترنے کی حتی المقدور کوشش کریں گے ۔ جو ان سے وابستہ کی گئی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایاکہ وہ رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل اور رکن قانون ساز کونسل محمد فریدالدین کی رہنمائی میں کام کریں گے اور وہ عوام کی خدمت کے لئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے ۔ قبل ازیں قومی شاہراہ کے کنارے واقع لائف اسٹال سے ایک فقید المثال فتح ریالی نکالی گئی جو زبردست آتشبازی اور رقص کے مظاہروں کے ساتھ کمار ہوٹل پہنچ کر عوام سے خطاب کے بعد اختتاپذیر ہوئی ۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔