ٹی آر ایس کے قول اور فعل میں یکسانیت

جگتیال۔ /25 جون ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہر بے گھر غریب کو گھر فراہم کرنے چیف منسٹر کے سی آر کا خواب ہے، انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں کو ٹی آر ایس حکومت عملی جامہ پہنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کے کویتا نے اپنی کامیابی کے بعد پہلی مرتبہ جگتیال آمد پر ویرا پکشیگارڈن میں منعقدہ خیرمقدمی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس ماہ میں مسلمانوں کی عبادات میں خلل نہ پیدا ہونے کیلئے ریاست بھر میں 24گھنٹے برقی سربراہی اور مساجد کو گذرنے والی سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت کی ممکنہ کوشش کرے گی۔ دیگر حکومتوں میں مسلمانوں کو صرف میناریٹی وزارت کے عہدے دیئے جاتے تھے لیکن کے سی آر نے مسلمانوں سے سچی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف ڈپٹی چیف منسٹر دیا بلکہ اہم وزارتی عہدہ پر فائز کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ جگتیال کے انچارج ڈاکٹر ایم سنجے کمار کی جانب سے جگتیال کے چھ مساجد کیلئے فنڈس کیلئے یادداشتوں کو حوالے کیا ہے۔ ہر مسجد کو دو لاکھ روپیوں کے حساب سے میناریٹی آفیسروں یا اپنے فنڈ سے منظور کرنے کا تیقن دیا۔ کے سی آر نے ٹی آر ایس پارٹی کے شکست خوردہ امیدواروں کو اس حلقہ کا انچارج بنایا ہے تاکہ پارٹی کا استحکام اور امیدوار عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ تلنگانہ حاصل ہوگیا ہے لیکن ابھی ہمیں انصاف ملنا ہے کیونکہ آندھرا میں چندرا بابو نائیڈو اقتدار ہیں وہ تلنگانہ میں ہونے والی غلطیوں کی تاک میں ہیں۔ مرکزی حکومت کے پہلے اجلاس میں ہی چندرا بابو نائیڈو کے اشارے پر پولاورم پراجکٹ میں تلنگانہ کے سات منڈلوں کو شامل کرتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ تلنگانہ عوام کے کئی ایک مسائل ہیں جس میں زیادہ تر بنیادی مسائل کی یکسوئی کیلئے بھی آندھرائی حکمرانوں سے جدوجہد کرنا پڑرہا تھا۔ غریبوں کو مکانات سابقہ حکومتوں میں فراہم کئے گئے لیکن کس کو منظور کئے گئے یہ عوام سب جانتے ہیں کیونکہ پارٹی کارکنوں اور رشتہ داروں کو ہی منظور کئے گئے۔انہوں نے جگتیال کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات رائیکل منڈل میں ڈگری کالج کا قیام اور رائیکل منڈل میں مینگو پراسسنگ یونٹ کا قیام کیونکہ یہاں پر آم کی بہت پیداوار ہوتی ہے اور جگتیال میں سب سے بڑی آم کی مارکٹ ہے۔

انہوں نے10ایکڑ پر شیڈس اور کولڈ اسٹوریج کے قیام کا تیقن دیا اور جگتیال کو صاف ستھرا مثالی شہر بنانے کا عزم کیا۔ سڑکوں کی توسیع اور کشادہ کرنے اور پینے کے پانی کی سہولیات فراہم کرنے اس سے قبل حکومتوں میں کئی ایک اسکیمات پینے کے پانی کیلئے روبہ عمل لائی گئی تھیں وہ سب ادھوری ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خواہش کی کہ ہر گاؤں میں ٹی آر ایس کا گلابی جھنڈہ لہرائیں۔ اس موقع پر حلقہ انچارج ڈاکٹر ایم سنجے کمار نے بھی مخاطب کرتے ہوئے مختلف مسائل سے واقف کروایا اور عوام کے درمیان رہتے ہوئے کام کرنے اور عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کا تیقن دیا۔ اس موقع پر حلقہ جگتیال کے ٹی آر ایس پارٹی قائدین، سرپنچ اور وارڈ کونسلرس موجود تھے۔ اس موقع پر مختلف محکموں اور تنظیموں کی جانب سے کے کویتا کو تہنیت پیش کی گئی اور گلدستے پیش کئے گئے۔