پارٹی کے منشور کی عنقریب اجرائی ۔ کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد 29 ستمبر ( این ایس ایس ) کارگذار ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ ٹی آر ایس مجوزہ اسمبلی انتخابات کیلئے بہت جلد اپنے منشور کی اجرائی عمل میں لائیگی ۔ راجنا سرسلہ ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جانتی ہیں کہ برسر اقتدار جماعت انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریگی اور اقتدار پر قبضہ برقرار رکھے گی ۔ اس کے باوجود کانگریس ‘ تلگودیشم اور دوسری جماعتیں اتحاد کر رہی ہیں ۔ یہ جماعتیں مل کر بھی ٹی آر ایس کی طاقت کا سامنا نہیں کرسکتیں۔ ٹی آر ایس عوامی فلاح و ترقی کی علامت بن گئی ہے ۔ یہ اعلان کرتے ہوئے کہ وہ سرسلہ ٹاؤن کو ایک مثالی میونسپلٹی میں تبدیل کردینگے کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اس بات کا ذمہ لیتے ہیں کہ اس حلقہ میں ٹرین کی سہولت بھی دستیاب ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترقی پر کوئی سمجھتہ نہیںکرینگے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہاں کے عوام تیز رفتار ترقی کریں۔ کے ٹی آر نے اپوزیشن جماعتوں پر عظیم اتحاد تشکیل دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ جماعتیں ابھی تک نشستوں کی تقسیم پر متفق نہیںہوسکی ہیں۔ کانگریس اب اپنی حریف تلگودیشم سے و دیگر جماعتوں سے اتحاد پر مجبور ہوگئی ہے تاکہ ٹی آر ایس سے مقابلہ کیا جاسکے ۔ انہو ںنے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت کی جانب سے بہت جلد پارٹی کے انتخابی منشور کا اعلان کیا جائیگا ۔