ٹی آر ایس پلینری انتظامات ، بابا فصیح الدین کا اہم رول

’’محنت کسی کی ستائش کسی کی‘‘
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قیام کے 17 سال کی تکمیل پر 27 اپریل کو شہر کے مضافاتی علاقہ کومپلی میں پلینری سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ کسی بھی پروگرام کے انعقاد میں اہم قائدین کے رول کی ہر کوئی ستائش کرتا ہے لیکن بعض قائدین ایسے ہوتے ہیں جو مزدور کی طرح کام کرنے کے باوجود قیادت کی نظروں میں نہیں آتے۔ کچھ یہی حال گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کا ہے ، جنہوں نے ایک مزدور کی طرح کومپلی میں پلینری کے انتظامات میں حصہ لیا لیکن افسوس کہ پلینری کے اختتام پر قیادت نے انکی خدمات کا اس طرح اعتراف نہیں کیا جیسا کہ ہونا چاہئے۔ پلینری کے انتظامات کے سلسلہ میں پارٹی کے سینئر قائدین اور وزراء وقتاً فوقتاً انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے میڈیا میں دکھائی دیتے ہیں لیکن بنیادی سطح پر کام کرنے والوں پر میڈیا کی بھی نظر نہیں ہوتی۔ پلینری کے اختتام کے بعد کئی ٹی آر ایس کارکنوں نے انتظامات کے سلسلہ میں بابا فصیح الدین کی کاوشوں کا ذکر کیا اور ایک مزدور کی طرح ان کی محنت کی تصاویر روانہ کی۔ بابا فصیح الدین نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ 10 دن سے زائد تک دن رات پلینری کے مقام پر قیام کرتے ہوئے انتظامات میں حصہ لیا ۔ میئر حیدرآباد رام موہن اور بعض ریاستی وزراء وقتاً فوقتاً انتظامات کی نگرانی کیلئے دورہ کر رہے تھے ۔ بابا فصیح الدین جو بنیادی طور پر کارکن کی طرح کام کرنے کو پسند کرتے ہیں، انہوں نے اپنے عہدہ کی پرواہ کئے بغیر سامان کے تھیلے خود اٹھائے۔ اگر وہ چاہتے تو اپنے کارکنوں اور گن مین سے یہ کام لے سکتے تھے۔ ان کی پارٹی سے وفاداری اور محنت دیکھ کر ہر شخص متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ بابا فصیح الدین جیسے بے لوث کارکنوں کو ان کا مستحقہ مقام ملنا چاہئے۔ پلینری میں نماز جمعہ کے لئے علحدہ انتظام کا سہرا بھی بابا فصیح الدین کے سر جاتا ہے ۔