نرساپور میں سابق وزیر سنیتا لکشما ریڈی کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی /16 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق وزیر سنیتا لکشما ریڈی قائد کانگریس پارٹی حلقہ اسمبلی نرساپور نے اچانک ٹی آر ایس سے انتخابات میں مقابلہ کی اطلاعات اور قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کانگریس پارٹی سے کیا ہے، خواہ کچھ بھی ہو جائے وہ کانگریس پارٹی نہیں چھوڑیں گی۔ کانگریس کی وجہ سے میں تین میعادوں سے مسلسل رکن اسمبلی منتخب ہوکر عہدہ وزارت پر فائز رہ چکی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ صدر کل ہند کانگریس سونیا گاندھی کی وجہ سے ہی علحدہ تلنگانہ ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے اور دونوں ریاستوں کے لئے صدور پردیش کانگریس کمیٹی کا انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ کانگریس پارٹی انتخابات میں زبردست اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔
انھوں نے نرسا پور میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی میرے لئے ایک خاندان کے مثل ہے اور میں نے کانگریس پارٹی کو ہمیشہ مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے، لہذا کانگریس پارٹی چھوڑکر کسی دوسری پارٹی میں جانے کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ حلقہ اسمبلی نرساپور کے علاوہ کسی اور حلقہ اسمبلی سے مقابلہ نہیں کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ میں ڈگ وجے سنگھ انچارج کانگریس سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی نرسا پور سے ہی مقابلہ کرنے کی نمائندگی کرچکی ہوں اور پارٹی کے ذمہ داران کو اس خصوص میں واقف کروایا جاچکا ہے۔