ٹی آر ایس مفاد پرستوں کی جماعت

سنگاریڈی /9 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمود محی الدین امیدوار وائی ایس آر کانگریس پارٹی حلقہ پارلیمان ظہیرآباد نے جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں اپنا پرچہ نامزدگی کا دوسرا سیٹ ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر اے شرتھ کے اجلاس میں داخل کیا ۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت ہی حلقہ پارلیمان ظہیرآباد وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہا ہوں ۔ ریاست کے سابق وزیر اعلی آنجہانی وائی ایس آر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے خدمات انجام دی تھیں ۔ ان کے فرزند جگن موہن ریڈی نے بھی عوام کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ لہذا اس مشن کو آگے لے جانے کیلئے سعی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم پر سخت تنقید کریت ہوئے کہا کہ کانگریس نے مسلمانوں کو ہمیشہ ووٹ بینک کی حیثیت سے استعمال کیا اور تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے خود کو سیکولر ہونے کا ڈھونڈورا پیٹنے کے بعد آج فرقہ پرست بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا ہے ۔ جبکہ ٹی آر ایس مفاد پرستوں کی جماعت ہے ۔ ٹی آر ایس سربراہ نے عام انتخابات میں اپنے افراد خاندان کو پارٹی ٹکٹ دینے کو ترجیح دی جبکہ تلنگانہ کے حصول کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے جانثاروں کے خاندان کے افراد کو ٹکٹ دینے کے معاملے میں خاموشی اختیار کرلی ۔ محمود محی الدین نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس ایک سیکولر پارٹی ہے اور جگن موہن ریڈی بھی سیکولرازم کے علمبردار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں ۔ انہوں نے حلقہ پارلیمان ظہیرآباد سے ایک مسلم امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دیگر اقلیت دوست ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 19 اپریل کو وائی ایس جگن موہن ریڈی 21 اپریل کو شرمیلا اور 24 اپریل کو وجئے اماں پارلیمانی حلقہ ظہیرآباد کے 7 اسمبلی حلقوں میں روڈ شو کے ذریعہ پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے ۔ پربھو گوڑ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی ضلع میدک نے پارلیمانی حلقہ میدک کے وائی ایس آر کانگریس امیدوار کی حیثیت سے آج اپنی پرچہ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے پاس داخل کیا ۔