ٹی آر ایس حکومت کے خلاف احتجاج کا منصوبہ

محبوب نگر /15 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنہرے تلنگانہ کا خواب دکھاکر اقتدار حاصل کرکے عوام دشمن پالیسیاں اختیار کرنے والے کے سی آر کی حکومت کے خلاف کانگریس احتجاج کا منصوبہ تیار کر رہی ہے تاکہ عوام کو اس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے واقف کرایا جاسکے ۔ صدر ضلع کانگریس عبیداللہ کوتوال کی قیادت میں منگل کو حیدرآباد میں سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی گدوال ڈی کے ارونا کی قیادت میں ضلع کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ اجلاس میں ضلع کے کانگریس ایم ایل ایز سی رام موہن نے بتایا کہ ریاست شدید برقی بحران سے دوچار ہے اور چیف منسٹر کچھ کرنے کی بجائے برقی بحران کا ذمہ دار ، پچھلی حکومتوں کو بتارہے ہیں یہ جھوٹ ہے اور ذمہ داریوں سے پیچھا چھڑانے کا بہانہ ہے ۔ اب ان کی نااہلی سے عوام کو واقف کرانا ہے ۔ جامع خاندان سروے کے نام سے عوام وک پریشان کرکے اب فوڈ سیفٹی کارڈ اور وظائف کے نام پر عوام کو استفادہ سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ اس کیلئے دھرنا اور راستہ روکو احتجاج منعقد کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ۔ صدر ضلع کانگریس نے بتایا کہ اس ماہ کی 18 کو مستقر محبوب نگر پر برقی کٹوتی کے خلاف جو دھرنا مقرر تھا ۔ اس کو فوڈ سیفٹی کارڈ کی درخواستوں کی تاریخ میں توسیع کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی ہٹ دھرمی اور من مانی کے خلاف کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا ۔