کانگریس پارٹی عوام کی ہمدرد اور سیکولر، بھینسہ میں جانا ریڈی کی پریس کانفرنس
بھینسہ۔/18 جولائی ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اسمبلی اپوزیشن قائد کانگریس ایم ایل اے جانا ریڈی نے بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے سینئر کانگریس قائد و پی سی سی ممبر راما راؤ پٹیل کی قیامگاہ ایس ایس کاٹن فیکٹری پہنچ کر راما راؤ پٹیل کے والد شیام راؤ پٹیل کے دیہانت پر پرسہ دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ٹی آر ایس پر الزام عائد کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے اور بلند بانگ دعویٰ کرنے کے علاوہ اخباروں کی سرخیاں بنے رہنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ٹی آر یس حکومت نے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے اس میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جس کی وجہ سے تلنگانہ عوام آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست فاش دینے کیلئے کمر بستہ ہوچکی ہے۔ تلنگانہ حکومت ڈبل بیڈ روم کی فراہم میں ناکام ہوچکی ہے اور مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے تائید کرتے ہوئے آواز بلند کرچکی ہے۔ لیکن ٹی آر ایس مسلمانوں کو صرف اور صرف گمراہ کررہی ہے جبکہ رعیتو بندھو اسکیم کے نام پر صرف اور صرف بڑے زمینداروں کو فائدہ فراہم کررہی ہے اور قول پر کاشت کرنے والے اصل کسان اس اسکیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہوکر عوام کی خدمت کیلئے متحرک ہے اور تلنگانہ عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کانگریس ہمیشہ سے پیش قدم رہی ہے اور سابق میں عوام کیلئے علاج معالجہ کیلئے راجیو گاندھی آروگیہ شری اسکیم کو روبہ عمل لاتے ہوئے عوام کو علاج کیلئے سہولیات فراہم کی تھی۔ لیکن اس حکومت میں عوام کیلئے اس طرح کی کوئی اسکیمات نہیں ہیں۔ انہوں نے موضع گنڈے گاؤں آبی متاثرین واقعہ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مقامی کانگریس قائدین کو راحت کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے متحرک رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کانگریس پارٹی کے تمام ارکان و قائدین کو راحت کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے متحرک رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کانگریس پارٹی کے تمام ارکان و قائدین مکمل طور پر متحد ہیں اورآئندہ انتخابات میں پارٹی کے احکامات پر حصہ لینے اور عوامی خدمات کے ذریعہ آئندہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے کافی متحرک ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کو عوام کی ہمدرد و سیکولر کردار کی پارٹی قرار دیا۔ اس موقع پر کانگریس ڈی سی سی نرمل صدر مہیشور ریڈی، پوار راما راؤپٹیل، ڈی سی سی ممبر، بھارگودیش پانڈے، ساجد خان،اقلیتی صدر متحدہ ضلع عادل آباد، اروند ریڈی ، نور خان ، محمد عرفان، ایم اے سلیم، منصور احمد کے علاوہ مقامی کانگریس قائدین گنگادھر ، سابق چیرمین بلدیہ فیروز خان شہران ، اشون پٹیل، سوامی پٹیل اور دیگر موجود تھے۔