ٹی آر ایس حکومت سے عوام بیزار

میدک ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلگودیشم قائدین کا ایک اہم اجلاس میدک کے سینئر قائد سابق صدرنشین بلدیہ ٹربٹی جگپتی کی صدارت میں ان ہی کے فارم ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں صدر ضلع تلگودیشم پارٹی محترمہ ششی کلایادو کی شرکت ہوئی ۔ اس موقع پر محترمہ ششی کلا نے کہا کہ ریاست کی عوام موجودہ حکومت سے صرف 9 ماہ ہی میں عاجز آچکی ہے ۔ مسٹر کے سی آر تلنگانہ تحریک کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو سبز باغ دکھاکر بلند بانگ تیقنات کے ذریعہ اقتدار کی کرسی سے سمٹ تو گئے لیکن عنقریب میں کے سی آر کو عوام کے سخت احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا اور ٹی آر ایس حکومت پوری طرح بکھر جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کی جڑیں مضبوط ہوتا دیکھ کر مختلف پارٹیوں سے کئی قائدین کے سی آر کو سہارا دیا لیکن وہ دن دور نہیں تمام قائدین دوبارہ انہی جماعتوں سے وابستہ ہوجائیں گے اور کے سی آر بے سہارا ہوجائیں گے ۔ ششی کلا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے تلنگانہ ریاست کیلئے ڈپٹی سی ایم مسٹر راجیا کی برطرفی کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دلت قائد کو سی ایم بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے مسٹر کے سی آر نے ٹی آر ایس کو اقتدار پر لایا لیکن دلت کو سی ایم بنانے کے بجائے ڈپٹی سی ایم بنایا اور کرسی چھین کر دلتوں کی توہین کی ۔ اس موقع پر ششی کلا نے دعوی کیا کہ آئندہ انتخابات میں تلنگانہ میں بھی تلگودیشم کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ اس اجلاس میں دیگر قائدین محمد افضل ، ایس یادگیری ، محمد وسیم ، کرشنا ، درگیش بھی موجود تھے ۔