تلنگانہ کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ دنیا پر راج کرسکتے ہیں، آمرانہ حکومت کا خاتمہ ضروری،کھمم میں جلسہ عام سے راہول گاندھی اور چندرا بابونائیڈو کا خطاب
حیدرآباد۔/28نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی نے ٹی آر ایس کو تلنگانہ راشٹرا سنگھ قرار دیتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کام کرنے کا ٹی آر ایس اور مجلس پر الزام عائد کیا۔ تلگودیشم کے قومی صدر و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ ملک میں دو ہی فرنٹ ہیں ایک این ڈی اے اور دوسرا مخالف این ڈی اے، ٹی آر ایس اور مجلس کونسے فرنٹ میں رہیں گے اس کی وضاحت کرنے کی دونوں جماعتوں سے اپیل کی۔ مخالف بی جے پی اور مخالف ٹی آر ایس محاذ کی تشکیل کے دوران 36 سال بعد کانگریس اور تلگودیشم کے سربراہوں نے ایک ساتھ کھمم میں مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں پیپلز فرنٹ کو ایک نئی طاقت عطا کی ہے۔ کھمم میں پہلی مرتبہ ایک ہی جلسہ سے راہول گاندھی، این چندرا بابونائیڈو اور سی پی آئی کے قومی سکریٹری جنرل ایس سدھاکر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے اپنی اپنی جماعتوں کے کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا کیا ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہاکہ ٹی آر ایس تلنگانہ راشٹرا سنگھ پریوار ہے، مودی اور کے سی آر کے درمیان دوستی ہوچکی ہے، مودی کو جب بھی ضرورت پڑی ہے کے سی آر نے ان کا بھرپور تعاون کیا ہے۔ راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مخالف اقلیت، مخالف دلت قرار دیتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں مودی کی بی جے پی اور ان کے دوست کے سی آر کی ٹی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کے زیر قیادت پیپلز فرنٹ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جس طرح مودی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوئے ہیں اسی طرح کے سی آر بھی وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے ووٹ مانگنے دوبارہ عوام کے درمیان پہنچ رہے ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر نے ٹی آر ایس اور مجلس پر بی جے پی کو کامیاب بنانے کیلئے کام کرنے کا الزام عائد کیا۔
راہول گاندھی نے ٹی آر ایس اور کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس مودی کی بی ٹیم بن کر کام کررہی ہے۔ پہلے تلنگانہ میں مودی کی بی ٹیم ٹی آر ایس کو شکست دینے کی ضرورت ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے ہر بل کی ٹی آر ایس نے تائید کی ہے ۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان کیا چل رہا ہے عوام کو اس کا اندازہ ہوجانا چاہیئے۔ راہول گاندھی نے ٹی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے قومی سطح پر بی جے پی کو کمزور کرنے کی تلنگانہ عوام سے اپیل کی۔ تلگودیشم کے قومی صدر و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے ووٹ نہیں ہیں لیکن ہیلی کاپٹرس سارے تلنگانہ میں گھوم رہے ہیں ۔ بی جے پی کے قائدین نوٹوں کے تھیلوں کے ذریعہ ہیلی کاپٹرس میں گھوم رہے ہیں۔ تلگو ریاستوں کو دھوکہ دینے والی بی جے پی کے خلاف 10 ڈسمبر کو مخالف بی جے پی جماعتوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ یہ محاذ این ڈی اے کے خلاف جدوجہد شروع کرے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے ٹی آر ایس اور مجلس سے استفسار کیا کہ وہ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے میں رہیں گے یا این ڈی اے کے خلاف تیار ہونے والے محاذ میں رہیں گے اس کی وضاحت کریں۔ صدر تلگودیشم نے کہا کہ ٹی آر ایس کو دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کے کھاتہ میں جائے گا۔ پیپلز فرنٹ کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری تلنگانہ عوام پر ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ اور راہول گاندھی دیش اور دستور کو بچانے کیلئے متحد ہوئے ہیں۔ این ڈی اے حکومت کا خاتمہ کرنے کیلئے تمام سیکولر طاقتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہورہی ہیں۔ کھمم کا جلسہ عام اس کی بنیاد ثابت ہوگا۔ مودی کے دور حکومت میں جمہوری اداروں کی آزادی کو مفلوج کرکے رکھ دیا گیا ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر صحیح طریقہ سے عمل نہ ہونے کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ و برباد ہوگئی اور روپئے کی قدر بھی گھٹ گئی ہے۔ بی جے پی ملک کے مفادات کو نظر انداز کرکے اپنے ذاتی مفادات کیلئے کام کررہی ہے۔ بی جے پی کے خلاف بات کرنے والوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ کانگریس کے خلاف 37 سال تک جدوجہد کرنے کے بعد اب اتحاد کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ضلع کھمم کے 10 اسمبلی حلقوں پر پیپلز فرنٹ کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ ووٹ دینے کے بعد کس کو ووٹ پڑا ہے ایس کی جانچ کرلیں۔ الکٹرانک اشیاء کو ہائیک کرنا کافی آسان ہے اس لئے تمام احتیاطی اقدامات کرنا ضروری ہے۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے بتایا کہ تلنگانہ میں 100 فیصد پیپلز فرنٹ کی کامیابی یقینی ہے۔ ٹی آر ایس کی آمرانہ حکومت اور کے سی آر خاندان کے گھمنڈ و تکبر کو چور چور کرنے کیلئے سخت مقابلہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ چھوٹی سی غفلت سے زندگی بھر کا نقصان ہوجانے کا انتباہ دیا۔ نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ دنیا پر راج کرسکتے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا گیا تو تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہوسکتا ہے۔