جنگم گوپی امیدوار بی جے پی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی میڈیا سے بات چیت
سنگاریڈی۔/23نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنگم گوپی امیدوار بی جے پی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد نے میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عوامی خدمت گذار کے جذبہ کے تحت انتخابات میں بحیثیت بی جے پی امیدوار حصہ لے رہے ہیں، وہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے موضع شیخاپور کے متوطن ہیں۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے نیالکل منڈل کے موضع کا دورہ کرنے پر پتہ چلا کہ سڑک ، بجلی اور پانی کیلئے آج بھی عوام تڑپ رہے ہیں، انہیں دیکھ کر دل بھر آیا چونکہ آزادی کے بعد ہم ایک طرف ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کررہے ہیں تو دوسری طرف عوام کو بنیادی سہولتیں تک فراہم نہیں ہیں۔ اگر عوام مجھے کامیاب بناتے ہیں تو میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں پینے کے پانی کی سربراہی، برقی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرتے ہوئے انہیں خوشحال بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس طرح حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ مبذول کی جائے گی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ سماج کے تمام طبقات کی ہمہ جہت ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ٹی آر پارٹی اقتدار میں ہوتے ہوئے بھی اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی مرکز میں مضبوط ہے ، وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں کئی ترقیاتی کاموں کو روبہ عمل لاتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے سارے مواضعات کا دورہ کررہے ہیں ۔ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی 29 نومبر کو ظہیرآباد پہنچ کر ایک زبردست جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔