شارجہ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور تعاون سے شارجہ میں ٹین10 کرکٹ لیگ کا تبدیل شدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے ،ایونٹ کے منتظمین نے مقابلوں کیلئے 21 تا 24 دسمبر کا شیڈول ترتیب دیا تھا لیکن اسی دوران آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ اور پاکستانی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورہ کے پیش نظر رکھتے ہوئے ٹورنمنٹ کوجلد کرنا پڑا لہٰذا اب شارجہ میں چھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ 14 تا 17 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ ٹورنمنٹ میں شامل پختونز ٹیم کی قیادت آل رائونڈر شاہد آفریدی کررہے ہیں۔ پنجابی لیجنڈز کی کپتانی شعیب ملک کریں گے۔ چھ ٹیمیں ٹی ٹین لیگ کا حصہ ہوں گی جنہیں دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے بنگال ٹائیگرز، کیرالہ کنگز اور پنجابی لیجنڈز جبکہ گروپ بی مراٹھا عربین، پختونز اور کولمبو لائنز پر مشتمل ہے۔ افتتاحی روز بنگال ٹائیگرز اور کیرالہ کنگز جبکہ مراٹھا عربین اور پختونز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، 15 دسمبر کو پنجابی لیجنڈز کا سامنا کیرالہ کنگز سے ہوگا جبکہ 17 دسمبر کو ٹورنمنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کھیلا جائے گا۔ یادرہے کہ ٹوئنٹی 20 کے بعد یہ ایک نیا تجربہ ہے جس میں فی اننگز 10 اوورس کا کھیل ہوگا۔