ٹینک بنڈ میں دو کمسن لڑکے تیراکی کے دوران غرقاب

حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) حسین ساگر ٹینک بنڈ میں آج دو کم عمر لڑکے تیراکی کے دوران غرقاب ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 سالہ محمد سلیم اور خواجہ اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ سیر و تفریح کیلئے حسین ساگر آئے اور جل وہار کے قریب پانی میں اتر گئے لیکن تیراکی سے عدم واقف ہونے کے سبب دو کمسن غرقاب ہوگئے ۔ ان کے ساتھ موجود 4 سالہ صادق اور دیگر دوستوں نے اس بات کی اطلاع مقامی عوام کو دی ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر رام گوپل پیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر مسٹر گنگا ریڈی اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے اور سلیم اور خواجہ کو باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن وہ غرقاب ہو چکے تھے جس کے نتیجہ میں غوطہ خوروں کی مدد سے ان کی نعشوں کو باہر نکالا گیا ۔ غوطہ خوروں کی جانب سے نعشوں کو فوری باہر نکالنے میں تاخیر کے سبب سلیم اور خواجہ کے والدین جو جائے حادثہ پر پہنچ چکے تھے برہمی کا اظہار کیا۔ آج شام نعشوں کو نکال کر سرکاری ہسپتال پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کیا گیا ۔ رام گوپال پیٹ پولیس نے ضابطہ کی کارروائی انجام دی ۔
ٹینک بنڈ میں غرقاب بچوں کے خاندانوں کی امداد کیلئے بی جے پی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔16 مارچ ( سیاست نیوز) بی جے پی نے حسین ساگر جھیل ( ٹینک بنڈ) میں آج دو کمسن بچوں خواجہ اور سلیم کی غرقابی پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے والدین سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ۔ مرکزی مملکتی وزیر محنت و روزگار بنڈارو دتاتریہ ‘ خیریت آباد کے بی جے پی رکن اسمبلی چنتلہ رامچندر ریڈی اور قومی بی جے پی اقلیتی مورچہ کے نائب صدر لائق علی نے سوماجی گوڑہ کے سلم علاقہ میں ایک متوفی لڑکے کے غمزدہ والدین شرف الدین اور سلمہ بی سے ملاقات کی ۔ مسٹر دتاتریہ ‘ مسٹر رامچندر اور مسٹر لائق علی نے تلنگانہ کی ریاستی حکومت سے خواہش کی کہ متوفی بچوں کے خاندان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیا دیا جائے ۔ علاوہ ازیں گھر اور ملازمت بھی فراہم کی جائے ۔