ٹیم کی ایشیاء کپ میں شرکت نوازشریف کی اجازت سے مشروط

ڈھاکہ۔5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین ذکا اشرف نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کی صورتحال اور ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت سے متعلق بات چیت کی۔ذکا اشرف نے میڈیا کو مطلع کیا ہے کہ وزارت خارجہ نے اس بارے میں تفصیلات وزیراعظم کو بھیج دی ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ ہیں اور وہ اس کی منظوری دیں گے جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ایشیا کپ 25 فروری سے 8 مارچ تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ انتخابات کے موقع پر تشدد کے واقعات ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملا کو سزائے موت سنائے جانے پر پاکستان کی اسمبلی میں مذمتی قرارداد اور ملک گیر احتجاج پر بنگلہ دیشی حکومت نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے تھے۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم ڈھاکہ بھیجنے کو حکومت کی اجازت سے مشروط کر دیا تھا۔یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکیٹیو اشرف الحق نے اپنے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے اجلاس میں سکیورٹی کے بارے میں کسی قسم کے تحفظات ظاہر نہیں کیے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت کے نگراں چیئرمین نجم سیٹھی نے ان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے اجلاس میں سکیورٹی کے معاملات پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔