میرپور ؍ فتح اللہ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف مختصر سیریز کیلئے آج یہاں آمد کے تھوڑی ہی دیر بعد اپنے کام میں جٹ گئی، شیربنگلہ اسٹیڈیم میں دو گھنٹے کے نٹ سیشن میں خوب محنت کی۔ ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹیم کولکاتا سے صبح کی فلائٹ کے ذریعے یہاں پہنچی اور دوپہر میں اس نے نٹ پریکٹس کی۔ ہندوستانیوں کا میزبانوں سے واحد ٹسٹ میں مقابلہ رہے گا جو چہارشنبہ کو شروع ہورہا ہے، جس کے بعد تین او ڈی آئیز کی سیریز ہوگی۔ بی سی سی آئی کے اڈمنسٹریٹیو منیجر بسوروپ ڈے نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ہم آج ہی یہاں پہنچے اور لڑکوں نے پریکٹس چاہی، اس لئے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں ہی ٹریننگ کرنے کا
فیصلہ کیا گیا کیونکہ بنگلہ دیش والے فتح اللہ میں ٹریننگ کررہے ہیں۔ چونکہ فتح اللہ جو ضلع نارائن گنج میں واقع ہے، ڈھاکہ سٹی سے جہاں ٹیم کا قیام ہے، وہاں پہنچنے کیلئے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ہوتا ہے، اس لئے یہیں پر پریکٹس کرلینے کا فیصلہ ہوا۔ ٹیم منیجر نے تصدیق کی کہ تمام 14 ممبرز فٹ ہیں اور وردھیمان ساہا جنھیں کولکاتا میں قطعی ٹریننگ سیشن کے دوران سینے پر ضرب لگی تھی، وہ بھی بالکلیہ چاق و چوبند ہیں اور دیگر ارکان کے ساتھ پریکٹس میں حصہ لئے۔ انڈین ٹیم بولنگ اور درست ترکیب پانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ جہاں ایشانت شرما، اومیش یادو، روی چندرن اشوین اور ہربھجن سنگھ کا کھیلنا لگ بھگ یقینی ہے، وہیں یہ فیصلہ کرنا کوہلی اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری پر منحصر رہے گا کہ آیا ہندوستان چار بولروں سے کھیلے یا پانچ۔ اگر وہ پانچ بولروں کے حق میں فیصلہ کرتے ہیں تو پیس بولر ورون آرن اور لیگ اسپنر کرن شرما کے درمیان کسی کو موقع ملے گا۔ ادھر بنگلہ دیش کی طرف سے تین پیسرز کھلائے جانے کا امکان نہیں ہے۔ کوچ ہیتھ اسٹریک نے کہا ہے کہ ان وکٹوں پر ہم تھری۔سیم اٹیک سے گریز کریں گے۔