میلبورن۔ 30 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ملی شاندار فتح کے بعد اتوار کو کہا کہ ٹیم انڈیا یہیں نہیں رکے گی اور اس کا جیت کا رتھ سڈنی میں بھی دوڑے گا۔ہندستان نے تیسرا ٹیسٹ 137 رنز سے جیت کر چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ سڈنی میں چوتھا ٹیسٹ تین جنوری سے شروع ہونا ھے وراٹ نے تیسرے ٹیسٹ کی جیت کے بعد کہاکہ ہم اب یہاں رکنے والے نہیں ہیں۔ اس جیت نے ہمیں سڈنی میں زیادہ مثبت کرکٹ کھیلنے کے لئے اور اعتماد دے دیا ہے ۔ وراٹ نے کہاکہ ہم نے تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ ہم ٹرافی برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ۔ لیکن ہم اس سے بھی آگے جانا چاہتے ہیں۔ ہم اسی طرح جنوبی افریقہ میں کھیلے تھے ۔ آسٹریلیا سے فالو آن نہ کرانے کے معاملے پر وراٹ نے کہاکہ یہ اچھا ہے کہ میں کوئی تبصرہ اور ردعمل نہیں کرتا ۔ میں اور بلے بازی کرنا چاہتا تھا اور کچھ اور رنز شامل کرنا چاہتا تھا کیونکہ چوتھے اور پانچویں دن بلے بازی کرنا مشکل تھا۔ اپنے گیند بازوں کی تعریف کرتے ہوئے کپتان نے کہاکہ ہم جانتے تھے کہ یہ آسٹریلیا کے لئے مشکل ہو جائے گا لیکن کریڈٹ ہمارے گیند بازوں خاص طور پر جسپریت کو جاتا ہے ۔ تین تیز گیند بازوں نے ایک کیلنڈر سال میں تیز گیند بازوں کی طرف سے زیادہ وکٹ لینے کے ریکارڈ کو توڑا ہے جو واقعی حیرت انگیز کامیابی ہے ۔
ایک کپتان کے طور پر میں فخر محسوس کرتا ہوں جب وہ ایک یونٹ کے طور پر بولنگ کرتے ہیں ۔کوئی بھی ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش نہیں کرتا ہے ۔ ٹیم کی کارکردگی کا کریڈٹ فرسٹ کلاس کرکٹ کو دیتے ہوئے وراٹ نے کہاکہ ہمارا فرسٹ کلاس ڈھانچہ شاندار ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم جیت رہے ہیں۔ اس کا کریڈٹ ہندستان میں فرسٹ کلاس ڈھانچے کو جانا چاہئے جو ہمارے تیز گیند بازوں کے سامنے چیلنجز پیش کرتا ہے جس سے انہیں بیرون ملک اچھی کارکردگی کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ اپنے ڈیبو میچ میں شاندار کارکردگی کرنے والے اوپنر مینک اگروال کی تعریف کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان نے کہاکہ اگروال نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں غضب کا جذبہ دکھایا اور چتیشور پجارا تو ہمیشہ کی طرح شاندار تھے ۔ ہم ایک بڑی شراکت چاہتے تھے ۔ ھنوما وھاري پہلی اننگز میں دیر تک وکٹ پر ٹھہرے اور اسی بات نے ہمیں زیادہ پر اعتماد بلے بازی کرنے کا موقع دیا۔ روہت کی پہلی اننگز کی نصف سنچری بھی شاندار تھی۔ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والا پہلا ہندوستانی کپتان بنانے کے سوال پر وراٹ نے عاجزی کے ساتھ کہاکہ ایمانداری سے کہوں تو میں اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا۔ کوئی بھی چیز ہماری توجہ آخری ٹیسٹ جیتنے سے نہیں بھٹکا سکتی کیونکہ ہم پہلے کبھی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لئے اتنی بہتر پوزیشن میں نہیں رہے ۔