نئی دہلی۔13مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کے محدود فارمیٹوں کی طرح اب ٹیسٹ میں بھی نو بال پر فری ہٹ کا ضابطہ نافذ ہوسکتا ہے ۔ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت اور اس کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کے لئے اس میں کی جارہی مسلسل تبدیلیوں کے تحت ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی نے یہ تجویز پیش کی ہے ۔ٹیسٹ فارمیٹ میں مختلف تبدیلیوں کے سلسلے میں گذشتہ ہفتے بنگلور میں ایم سی سی کمیٹی کی میٹنگ میں بحث کی گئی تھی اور اب ان کی تجاویز کو آئی سی سی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین اور سابق انگلش کپتان مائیک گیٹنگ اور سابق آسٹریلیائی لیگ اسپنر شین وارن نے ان تجاویز کا خاکہ تیار کیا ہے ۔کمیٹی نے کھیل کے سب سے بڑے فارمیٹ میں فری ہٹ کے ضابطے کے سلسلے میں دلیل دی ہے کہ یہ قوانین محدود اووروں کے فارمیٹ میں اب تک بہت کامیاب رہے ہیں اور اس سے گیند بازوں کا نو بال کرنا کم ہوگیا ہے ۔ ایسے میں ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی یہ ضابطہ نافذ ہونا چاہیے ۔