حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ٹکنالوجی میں ہورہے تیزی سے اضافہ نے کمپیوٹر کی فروخت میں نمایاں کمی درج کروائی ہے ۔ چند برس قبل تک بھی کمپیوٹر کے بغیر انٹرنیٹ کے استعمال کا تصور محال تھا لیکن آہستہ آہستہ جب اسمارٹ فون نے عصری مارکٹ پر غلبہ حاصل کرنا شروع کیا تو کمپیوٹر پر انٹرنیٹ کا استعمال بتدریج کم ہونے لگا اور لوگ اپنے موبائیل پر ضروری انٹرنیٹ کا استعمال کرنے لگے ہیں ۔ الکٹرانک مارکٹ میں جہاں کمپیوٹر کی زبردست فروخت کے بعد لیاب ٹاپ نے کمپیوٹر کی جگہ لے لی تھی ۔ اب لیاپ ٹاپ بھی ٹکنالوجی کی زبان میں قصہ پارینہ ہوتا جارہا ہے اور اس کی جگہ ٹیاب لے رہے ہیں جو کہ بازار میں 4 ہزار تا 60 ہزار تک کی قیمتوں میں دستیاب ہیں ۔ الکٹرانک اشیاء کی فروخت کرنے والے ایک تاجر نے بتایا کہ موبائیل انٹرنیٹ کے رجحان میں ہورہے بتدریج اضافہ کی بنیادی وجہ سوشیل میڈیا ہے جو کہ ہر کسی کی دسترس میں پہنچ چکا ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ اسمارٹ فونس میں موجود اپلیکیشن بھی عوام کو موبائیل انٹرنیٹ کے استعمال کی جانب راغب کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2012-13 کے دوران ملک بھر میں موبائیل انٹرنیٹ کے علاوہ ٹیاب کلچر میں زبردست اصافہ ہوا ہے اور لیاپ ٹاپ کی جگہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے مصروف شہری ٹیاب کو ترجیح دے رہے ہیں ان تبدیل ہوتی ترجیحات کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جاریہ سال کے وسط تک ملک کے بیشتر دیہی علاقوں تک بھی موبائیل انٹرنیٹ کی سہولت و رسائی ہوجائے گی ۔ انٹرنیٹ اینڈ موبائیل اسوسی ایشن آف انڈیا کے بموجب مالی سال کے اختتام تک ہندوستان میں موبائیل پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریبا 16 کروڑ تک پہنچ جائے گی اور آئندہ مالی سال کے آغاز کے اندرون 3 ماہ میں موبائیل کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی پیشکشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جارہا ہے کہ یہ تعداد 20 کروڑ تک بھی پہنچ سکتی ہے ۔
موبائیل صارفین کی ملک میں تعداد تقریبا 40 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ملک کے کئی دیہی علاقوں میں صرف مخصوص نیٹ ورکس کی رسائی ہے اس کے باوجود عوام میں سیل فون کے استعمال کا زبردست رجحان دیکھا جارہا ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب کم قیمتوں میں اسمارٹ فونس کی باآسانی دستیابی کے باعث موبائیل انٹرنیٹ کے چلن میں اضافہ ہورہا ہے علاوہ ازیں موبائیل میں موجود سہولتیں صارفین کو کمپیوٹر کے بجائے فون پر انٹرنیٹ کے استعمال کی جانب سے راغب کررہی ہیں ۔ سال 2013 کے دوران موبائیل صارفین کے بلوں کا جائزہ لینے اور ان کے ساتھ موجود انٹرنیٹ کنکشن کی سہولت کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نوجوان نسل میں فون پر انٹرنیٹ کے استعمال سے متعلق کافی شعور اجاگر ہوچکا ہے اور وہ منصوبہ بند انداز میں ماہانہ انٹرنیٹ پر خرچ کررہے ہیں ۔
سال 2012-13 کے دوران موبائیل فون صارفین کے انٹرنیٹ بلوں میں 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ سال گذشتہ کی آمدنی کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 2012 کے اختتام پر صارفین 43 فیصد انٹرنیٹ بل پر خرچ کررہے تھے اور اب جب کہ 2013 کا اختتام ہوا ہے تو یہ فیصد 45 تک ریکارڈ ہوا ہے جو موبائیل صارفین انٹرنیٹ کا استعمال کررہے ہیں اس کا باریک بینی سے جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ 35 فیصد موبائیل انٹرنیٹ صارفین ماہانہ 100 تا 500 روپئے اپنے موبائیل انٹرنیٹ پر خرچ کررہے ہیں جب کہ 9 فیصد ایسے صارفین ہیں جو 500 روپئے ماہانہ سے زیادہ فون پر خرچ کررہے ہیں اور صرف 6 فیصد ایسے لوگ ہیں جو اپنے موبائیل و انٹرنیٹ پر 100 روپئے سے بھی کم خرچ کرتے ہیں ۔ وہ نوجوان جو دنیا سے خود کو مربوط رکھنے میں جٹے رہتے ہیں ان کا یہ احساس ہے کہ فون اور ٹیاب کے ذریعہ انٹرنیٹ کا استعمال آسان ہوتا جارہا ہے اسی لیے انٹرنیٹ کی دنیا پر اسمارٹ فون کا غلبہ بھی بڑھتا جارہا ہے ۔۔