ٹپ سروچ نے چینائی اوپن میں شرکت کی توثیق کردی

چینائی ۔24ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) سابق چمپئن سربیائی ٹینس اسٹار یانکو ٹپ سروچ نے 5تا11جنوری منعقد شدنی ایئرسیل چینائی اوپنر میں شرکت کی توثیق کردی ہے جب کہ یہ ٹورنمنٹ 4.5لاکھ امریکی ڈالر انعامی رقم کے تحت کھیلا جاتا ہے ۔ساتویں برس ٹپ سروچ اپنے سیزن کا آغاز چینائی اوپن سے کریں گے جیسا کہ 2013ء میں بھی انہوں نے چینائی اوپن کے ذریعہ اپنے شاندار سیزن کا آغاز کیا تھا اور اسپین کے بوٹسٹا کو تین سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں شکست دیتے ہوئے کریئر کا چوتھا اے ٹی پی ورلڈ ٹور خطاب حاصل کیا تھا ۔ گذشتہ برس ان کے مظاہرے کافی شاندار رہے تھے جیسا کہ وہ آسٹریلین اور یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی تھی ۔ 2012ء چینائی اوپن میں ٹپ سروچ نے شاندار مظاہرہ کیا تھا تاہم خطابی مقابلے میں انہیں 21سالہ کینیڈا میلوس راؤنک کے خلاف سخت ترین تین سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں شکست ہوئی تھی اور یہ مقابلہ تین گھنٹے 14منٹ تک کھیلا گیا تھا ۔ اس مقابلے کے فوری بعد ٹپ سروچ نے ہندوستانی ٹینس اسٹار لینڈر پیس کے ساتھ مقامی شائقین کی کثیر تعداد کے روبرو ڈبلز کا خطاب حاصل کیا تھا ۔