حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ٹولی چوکی کے علاقہ منی گلشن کالونی میں آج صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب مقامی افراد نے ایک باولی میں نعش کو دیکھا ۔ پولیس گولکنڈہ فوری مقام پر پہونچ گئی اور 3 تا 4 گھنٹے کی مشقت کے بعد پولیس نے کرین کی مدد سے نعش کو باولی سے باہر نکالا اور نعش کی شناخت کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ محمد بشیر جو منی گلشن کالونی کے ساکن محمد یوسف کا بیٹا تھا ۔ گذشتہ چار دن سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا ۔ جس کی نعش کو منی گلشن کالونی میں ایک کھلی اراضی میں واقع باولی سے دستیاب کرلیا گیا جو انتہائی مسخ شدہ حالت میں تھی ۔ باوثوق ذراء کے مطابق بشیر گذشتہ کئی دنوں سے پریشان تھا ۔ سب انسپکٹر پولیس گولکنڈہ مسٹر واسو نے بتایا کہ ایک اطلاع پر پولیس مسجد عمر فاروق کے قریب واقع باولی سے نعش کو دستیاب کرلیا ۔ سب انسپکٹر نے بتایا کہ بشیر ذہنی طور پر کمزور تھا اور گذشتہ روز پولیس کو شبہ کے مطابق وہ باولی کے قریب واقع درخت پر موجود تھا ۔ اور محلہ کے بچوں نے اس سے چھیڑ چھاڑ بھی کی تھی ۔ بچے اس کو درخت سے اترنے اور واپس آنے کے لیے زور دے رہے تھے ۔ اس دوران بشیر نے ان پر پتھر بھی پھینکے جس کے بعد بشیر کسی کو نظر نہیں آیا ۔ پولیس کے مطابق بشیر کو اس کی والدہ نے بھی ڈانٹ ڈپٹ کی تھی ۔ پولیس گولکنڈہ نے مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔