ٹوئٹر کا صفایا کردیا جائے گا : اُردگان

انقرہ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اُردگان نے خبردار کیا ہے کہ وہ ٹوئٹر کا صفایا کردیں گے ۔ سوشیل میڈیا پر اُن کے قریبی حلقوں میں کرپشن کو بے نقاب کئے جانے سے متعلق بے شمار آڈیو ریکارڈنگ پوسٹ کئے جانے پر انہوں نے یہ بات کہی۔اُردگان نے ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹوئٹر کا صفایا کردیں گے اور انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ بین الاقوامی برادری کیا کہتی ہے۔ اس سے پہلے بھی انہوں نے یہ کہا تھا کہ سوشیل میڈیا نیٹ ورکس یو ٹیوب اور فیس بُک پر30 مارچ کے انتخابات کے بعد امتناع عائد کردیا جائے گا۔ ان کے اس بیان پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اُردگان نے کہا کہ سوشیل نیٹ ورکس پر ان کے حریف فرضی ریکارڈنگس پوسٹ کررہے ہیں۔ ترکی میں حال ہی میں انٹرنیٹ پر سرکاری کنٹرول بڑھ گیا ہے اور حکومت کا یہ کہنا ہے کہ وہ قزاقی کو روکنا چاہتی ہے۔